خوشی کیا ہے؟ کسی شاعر کا خواب، موسم گل میں کسی کلی پر شباب، ساون کی پہلی بارش میں مور کا ناچ، حبس زدہ رت میں باد سحری کا ٹھنڈا جھونکا، ابر بہار میں کوئل کی کوکو، پہاڑی جھرنے کا مترنم شور، آسمان میں تیرتے بادل، کالی گھٹاؤں کے برسنے کے بعد ست رنگی دھنک، ہوا میں اڑتا خوبرو دوشیزہ کا آنچل، آسمان کے چہرے پرجھلملاتے ستارے، پھولوں پر اڑتی تتلیاں، جاڑے کی طویل جھڑی کے بعد کھلتی دھوپ، حسن کی دیوی کا رنگ و روپ، گلزار کا نغمہ، راحت کی سریلی آواز، پائل کی چھن چھن، گھنگھرؤں کی جھن جھن، تھا تھیا تھا تھیا کی گونج میں لچکتے تھرکتے بدن۔۔۔ لگتا ہے میں کچھ زیادہ فلمی ہوگیا۔۔ تو پھر خوشی کیا ہے؟
بھیڑ میں کھوئے ہوئے بچے کا ماں کو پانا، عمر رسیدہ افراد کے مرکز میں رہنے والے نحیف و نزار بزرگ کیلئے اپنے جگر گوشوں سے ملاقات، دکھ کی گھڑی میں اپنے کا ساتھ، کسی مزدور کیلئے دو لمحے آرام، تھکاوٹ سے چور چور بدن لئے گاؤں کی پگڈنڈی پر بھیڑ بکریاں ہانکتے، چراتے ہوئے چرواہے کیلئے شام، کسی بے بس کا سہارا، گاؤں کے ویران محلے کے کچے گھروندے میں ٹمٹماتے چراغ، ہاریوں اور دہقانوں کی وڈیروں اور چوہدریوں سے خلاصی، بھوک سے نڈھال اور بدحال افراد کیلئے دو وقت کی روٹی، یتیم کے سر پر شفقت بھرا ہاتھ، کسی کے رِستے زخموں پرمرہم، یاس پر آس کے رنگ، خونی بھیڑیئے کے قاتل پنجوں سے آزادی۔۔۔ ہاں آزاد فضا میں سانس لینا ہی سب سے بڑی خوشی ہے۔
آپ بھی سوچتے ہونگے کہ اتنی لمبی تمہید میں نے کیوں باندھی؟ اقوام متحدہ نے 156 ممالک کے اعداد و شمار پر مبنی ” خوش اقوام” کی رپورٹ جاری کی ہے جس میں پاکستان کا 75 واں نمبر ہے جو سراسر زیادتی ہے۔
سوہنی دھرتی والے ہر معاملے میں پیش پیش رہے ہیں تو اس فہرست میں ہمارا پہلا نمبر کیوں نہیں؟ برصغیر سے فرنگیوں کو بھگایا، ہندو بنیے سے آزادی لی اوراسکے بعد اپنے کلمہ گو بھائیوں کے ہتھے چڑھے مگر ہم پھر بھی خوش۔ چار مارشل لاء کے وار سہے، سقوط ڈھاکا کا کاری زخم سہا پھر بھی خوش۔ بڑی طاقتوں کی عزت کی خاطراپنی پگڑی اچھالی، فلاحی ریاست کی بجائے شدت پسندی کی طرف ہولیے پھر بھی خوش۔ مجاہدین یار بنے، پھر غدار بنے جس کے نتیجے میں کشت و خون کا بازار گرم رہا، آئے دن دھماکوں میں اپنے بچھڑ گئے، خوش و خرم خاندان اجڑ گئے، ماں کی گود سونی پڑ گئی، باپ کے کندھے کمزور پڑ گئے مگر ہم پھر بھی خوش۔
پاکستان نمبر ون کیوں نہیں؟ اس پر مجھے اعتراض بھی ہے اور افسوس بھی۔ مگر خوشی اس بات کی ہے کہ گلابی ترقی کے کھوکھلے نعرے لگانے والی مودی سرکار خوشی کی اس دوڑ میں ہم سے 58 قدم (پوائنٹس) پیچھے ہے۔ 133 نمبر پر براجمان قاتل بھارت پر تو نیپال، بنگلہ دیش، میانمار اور سری لنکا جیسے چھوٹے ممالک نے بھی برتری حاصل کی ہے۔ سوائے افغانستان کے جس کا نمبر 145 واں ہے۔
جنوبی ایشیاء جو کہ گنجان آباد خطہ ہے،جسکی آبادی لگ بھگ ایک ارب اسی کروڑ ہے اس میں 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار پانچ سو بیس پاکستانیوں کا خوشحال رہنا واقعی بڑی بات ہے لیکن جن بنیادوں پر یہ درجہ بندی کی گئی ہے اگر اس پر نظرثانی کی جائے تو شاید ہم فِن لینڈ، ناروے اور ڈنمارک کے ہم پلہ بھی آسکتے ہیں۔ یہاں بسنے والوں کی آمدن کا معاملہ دیکھیں تو پڑھے لکھے، ڈگری ہولڈرز یا تو سڑک ماپتے ہونگے یا کہیں ٹھیہ لگا کر کیلے، سنگترے بیچ کر وقت گزاری کریں گے مگر اف تک نہیں کریں گے، آلودہ پانی پئیں گے، ملاوٹ شدہ خوراک کھائیں گے،غِذا کے نام پر سزا، اچھے پکوانوں کے نام پر زہر سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے، دودھ کی جگہ کیمیکل سے دل بہلائیں گے مگر مجال ہے جو ماتھے پر ایک شکن تک پڑے۔
فراخدلی کی بات کریں تو لوگ شادی میں لڈو بانٹتے ہیں، ناچتے گاتے ہیں مگر مملکت خداد میں ایسے مواقع پر ڈالروں اور موبائل فونز کی برسات ہوتی ہے۔ سیاستدانوں کی سخاوت دیکھنی ہے تو ان کے متعلقہ حلقوں میں مٹر گشتی کرلیں، خزانوں کے منہ کھل گئے ہیں، غمی خوشی میں جلوہ افروزی ہو رہی ہے، دکھ سکھ بانٹے جا رہے ہیں اور پھر آخر میں اگلے چناؤ میں ووٹ کا وعدہ لیکر”آپ کے تابعدار و فرمانبردار خادم” کا راگ آلاپتے ہیں اور پاکستانی ہیں کہ ان پراعتماد کئے جا رہے ہیں۔ ہے ناں دلچسپ بات؟ تو پھر نمبر ون پوزیشن کیلئے اور کیا چاہئیے؟
کوئی مانے یا نہ مانے مگر زندہ دلانِ پاکستان کا پوری دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔ دہشت گردی کے وار سے لیکر ٹیکسز کی بھرمار اورکرپشن کی یلغار تک، لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے لیکرچوہدریوں اور وڈیروں تک، روز افزوں مہنگائی سے لیکر تھانہ پٹوار کی رسوائی تک، عدالتوں میں مقدمات سے لیکر چہیتوں پر نوازشات تک، سماج کی سنگدلی سے لیکرزندہ دلی تک، معمولی باتوں پر کشتی سے لیکر بے کسی کے عالم میں خودکشی تک۔۔ ایسے میں بھی اگر ہم خوشحال ہیں تو واقعی لازوال، بے مثال اور باکمال ہیں۔ یو این کی رپورٹ میں پہلا نمبر نہیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔۔ میری طرف سے اہلیان وطن کو نمبر ون کی پوزیشن مبارک ہو۔۔ کسی کو سمجھ نہ آئے تو تمہید دوبارہ پڑھ لیں۔۔ ہم فلمی بھی ہیں، ہم علمی بھی اور ہم ظلمی بھی۔
The post خوش اقوام کی فہرست میں پاکستان کا پہلا نمبر کیوں نہیں؟ appeared first on دنیا اردو بلاگ.
from دنیا اردو بلاگ https://ift.tt/2GyD745
No comments:
Post a Comment