لاہور: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ جمعے کو ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔
ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے میں374رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کو12رنز سے مات ہوئی،تیسرے میں مہمان ٹیم کا دیا 359کا ہدف ناکافی ثابت ہوا اور انگلینڈ نے 6وکٹ سے فتح سمیٹی، دونوں ہائی اسکورنگ مقابلوں میں پاکستانی بولنگ انتہائی غیر موثر نظر آئی،چوتھا ون ڈے جمعے کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا،مزید ایک فتح انگلش ٹیم کو0-3کی فیصلہ کن برتری دلادے گی۔
پاکستان کیلیے ایک مثبت پہلو بیٹسمینوں کی فارم ہے، خاص طور اوپنرز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ فخرزمان نے دوسرے جبکہ امام الحق نے تیسرے ون ڈے میں جارحانہ سنچری بنائی،پاکستان نے اگر عابد علی کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو کسی ایک اوپنر کو آرام بھی دیا جا سکتا ہے، بابر اعظم گذشتہ میچ میں ناکامی سے قبل اچھی فارم میں تھے، حارث سہیل نے بھی برسٹل میں اپنی غفلت سے رن آؤٹ ہونے سے قبل مشکل وقت میں پُراعتماد بیٹنگ کی۔
اگر شعیب ملک کھیلے تو ان کو جگہ خالی کرنا پڑسکتی ہے، آصف علی اچھی پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں،سرفراز احمد اسٹرائیک ریٹ بڑھانے میں تھوڑی دشواری محسوس کرتے نظر آئے، پاکستان بیٹنگ کو استحکام دینے کے ساتھ اچھی آف اسپن بولنگ سے فائدہ اٹھانے کیلیے محمد حفیظ کو شامل کرنے پر غور کررہا ہے۔
بولرز میں اب تک سب سے کمزور کڑی ثابت ہونے والے فہیم اشرف کی جگہ خطرے میں ہوگی۔ پیس بیٹری میں محمد حسنین کو آزمانے کا آپشن موجود ہے۔
دوسری جانب سلواوور ریٹ پر ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنے والے انگلش کپتان ایون مورگن کی غیر موجودگی میں قیادت جوز بٹلر کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے،دوسرے ون ڈے میں مہمان بولرز کی پٹائی کرنے کے بعد آرام کرنے والے جارح مزاج بیٹسمین ایک بار پھر چھکے چھڑانے کا سوچ رہے ہوں گے۔
جونی بیئراسٹو نے برسٹل میں سنچری جڑی، جیسن روئے، جوئے روٹ اور بین اسٹوکس بھی بڑا اسکور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،انگلینڈ اپنی بولنگ پاور کو تقویت دینے کیلیے جوفرا آرچر کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرسکتا ہے،پیسر نے پہلے میچ میں تباہ کن آغاز کیا تھا لیکن بعد ازاں بارش نے مداخلت کردی، اگلے دونوں میچز میں انھیں کھیلنے کا موقع نہیں دیا گیا۔
مارک ووڈ کی بھی آزمائش ہوسکتی ہے،دونوں پیسرز کو شامل کرنے کیلیے لیام پلنکٹ اور کرس ووئکس کو آرام دیے جانے کا امکان ہے،عادل رشید کی بھی واپسی ممکن ہے۔ ناٹنگھم میں ٹرینٹ برج گراؤنڈ کی پچ فلیٹ اور خشک ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کیلیے سازگار سمجھی جاتی ہے،باؤنڈریز بھی چھوٹی ہیں، انگلینڈ نے وہاں گذشتہ 3میچز میں 2بار450 سے زائد رنز بنائے ہیں،ٹیم نے جون 2018 میں آسٹریلیا کیخلاف 6وکٹ پر ورلڈریکارڈ 481رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل اگست 2016میں پاکستان کیخلاف صرف 3وکٹ پر 444کا مجموعہ حاصل کیا تھا، بیٹسمینوں کی اس جنت پر حریف ٹیم کے آگے بند باندھنا اعتماد سے عاری پاکستانی بولنگ کیلیے سخت چیلنج ہوگا،گذشتہ دونوں میچز میں نئی گیند سے وکٹیں حاصل نہ کرنے والے گرین شرٹس اس بار بھی انگلش بیٹنگ پر ابتدا میں کاری ضربیں لگانے میں کامیاب نہ ہوئے تو بڑا مجموعہ حاصل کرنے سے روکنا مشکل ہوجائے گا، میچ کے دوران بارش کی مداخلت کا امکان بہت کم ہے۔
گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے بھرپور پریکٹس سیشن میں فیلڈنگ پر خاص توجہ دی، تیسرے میچ میں 5 کیچز گرانے والے فیلڈرز سخت محنت کرتے نظر آئے، بیٹسمینوں میں شعیب ملک اور محمد حفیظ سمیت سب نے کھل کر اسٹروکس کھیلے،بولرز نے یارکرز اور آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں کو بہتر بنانے کیلیے پریکٹس جاری رکھی،اظہر محمود سب پر خصوصی توجہ دیتے رہے۔
The post پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو http://bit.ly/2EeyHx1
No comments:
Post a Comment