Thursday, August 16, 2018

تبدیلی کی پہلی پہلی جھلک

14 اگست کی شام کو کراچی کے سٹیڈیم روڈ پر نئےپاکستان کی پہلی پہلی جھلک دیکھ کر ہر پاکستانی سوچ میں ضرور پڑ گیا ہو گا کہ کیا یہی تبدیلی تھی جس کے لئے ہم نے ووٹ دیا؟ سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل جانے والی ایک وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف کے نو منتخب ایم پی اے عمران شاہ اپنے سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ سرعام کس دھوم دھام سے ایک عام شہری کو تبدیلی کی برکات سے فیض یاب کرتے ہیں اور تھپڑوں کی بارش کر نے کے بعدبجلی کی سی سرعت سے اپنی کالے رنگ کی پراڈو میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو جاتے ہیں۔

رات گئے ان ایم پی اے صاحب نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں اپنے اس کالے کرتوت کا بھونڈے طریقے سے دفاع کرنے کی کوشش کی ۔صبح ایک دوسری ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھی جس میں ایم پی اے صاحب نے تشدد کے شکار شہری کے گھر جاکرمعافی مانگی ۔یوںا س بے چارے کی مزید عزت افزائی اسطرح کی گئی کہ سڑک پر ذلیل کرنے کے بعد تو اس کی شناخت کسی حد تک چھپی ہوئی تھی مگر اب کیمرے کے سامنے لا کر بھرپور طریقے سے پوری دنیا کے آگے رسوا کردیا گیا۔سونے پہ سہاگا کہ ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ معافی کے انداز میں الٹامار کھانے والےکو خوف زدہ کیا جا رہا ہے ۔

اگرچہ پی ٹی آئی کراچی نے فوراً مذکورہ ایم پی اے کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر کے بطور پارٹی ایک اچھی روائیت قائم کی ہے لیکن اس طرح کے واقعات لوگوں کی یاداشت سے جلدی محو نہی ہوتے اور سیاسی پارٹیوں کے مستقبل کا تعین کرنے میں بھر پور کردار ادا کرتےہیں ۔کیا عمران خان صاحب نے جن لوگوں کو پارٹی ٹکٹ دیے ان کو کوئی گائیڈ لائن بھی دی ؟- کسی طرح کی تربیت کی ضرورت محسوس کی گئی؟ اگر نہیںتو یہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہو گا ۔ایسےواقعات سے عمران خان صاحب کے سٹیٹس کو توڑنے کے دعوے ہوا میں ہی اڑ جائیں گے جب وہ خود توپروٹوکول نہ لینے کے دعوے کریں لیکن ان کی پارٹی کا ایک ایم پی اے دس دس سیکیورٹی گارڈز کے جلو میں سڑکوں پر سر عام لوگوں کی تذلیل کرتا پھر رہا ہو گا۔

پہلے ہی اسمبلیوں میں خواتین کی مخصوص سیٹوں پر پارٹی کے حسن انتخاب سے میرٹ کی بالادستی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے جب پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص سیٹوں پر ایک ہی شہر لاہور سے ہی متعدد خواتین کو بھرتی کرلیا گیا ۔کیا ہی اچھا ہوتا کہ مخصوص سیٹوں پر جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں سے ان غریب لیکن باصلاحیت خواتین کو نمائندگی دی جاتی جو خود سے کروڑوں کے اخراجات کر کے کھلے انتخابی معرکوں کی طاقت نہیں رکھتیں ۔یہی حال باقی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں بھی ہوا جہاں غریب کارکنان کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور اراکین اسمبلی کے رشتہ داروں اور سفارشیوں کی چاندی کی گئی۔

اگلی بڑی امید اور پارٹی کا امتحان انتخابات سے پہلے جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے قیام کا ہے اگر پی ٹی آئی کی حکومت خلوص دل سے اس نیک کام کے لئے قانون سازی کی کوشش کرے تو ہو سکتا ہے اسے پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر چھوٹی جماعتوں کی حمائت بھی مل جائے ۔نون لیگ کے لئے تو الگ صوبے کے کاز کی حمائت بہت مشکل ہے کیونکہ ان کی تو بقا ہی بڑے صوبے پنجاب کے ہوتے ہوئے ممکن ہے
لیکن یہ بات اب یقینی ہے کہ جو بھی سیاسی جماعت اب جنوبی پنجاب صوبے کے کاز میں روڑے اٹکائے گی اس کا سیاسی مستقبل مخدوش ہوگا ۔پی ٹی آئی کی آنے والی حکومت کے لئے بھی بہت ضروری ہو گا کہ لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی مخلصانہ کوششیں کرے ،لوگوں کی عزت نفس کی بحالی کے لئے اقدامات کرے اور لوگوں کے دکھوں کا مداوا کرے ۔

The post تبدیلی کی پہلی پہلی جھلک appeared first on دنیا اردو بلاگ.



from دنیا اردو بلاگ https://ift.tt/2KYVz3V

No comments:

Post a Comment

May or later: Rocket Lab may launch a small probe to Venus

By Unknown Author from NYT Science https://ift.tt/OPbFfny