قصور کی ننھی زینب کے قتل میں جوں جوں تحقیقات آگے بڑھتی جارہی ہیں، روز نئے نئےانکشافات ہوتےجارہےہیں۔ دو روز قبل ڈاکٹرشاہد مسعود نے ایک شوشہ چھوڑا کہ ننھی زینب کا قتل عام قتل نہیں، نہ ہی سیریل کلنگ ہے بلکہ یہ تووائیلنٹ چائلڈ پورنوگرافی کا کیس ہے۔ ملزم عمران بین الاقوامی مافیا کا آلہ کار ہے۔ یہ مافیا نہ صرف بچیوں کے ساتھ زیادتی کے بعد ان کا قتل کرتا ہے بلکہ ان کی ویڈیو بھی بنا کر ڈیپ ویب یا ڈارک ویب پرنشر کرتا ہے۔ اس انکشاف کا ہونا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر تہلکہ مچ گیا۔ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا، شاہد مسعود عدالت کے سامنے پیش ہوئے،ملزم کے اکائونٹس کی تفصیل دی جو کہ بعد میں بوگس ثابت ہوئی۔ اس ساری صورتحال میں جو نیا پینڈورا باکس کھلا وہ تھا ڈیپ ویب اور ڈارک ویب۔
یہ ڈیپ ویب اور ڈارک ویب کیا چیز ہے؟ اس کا بہت ہی کم لوگوں کو علم ہے۔ گوگل، یاہو، یوٹیوب اور باقی ویب سائٹس جو ہم استعمال کرتےہیں یہ انٹرنیٹ کا صرف ایک فیصد حصہ ہےجبکہ باقی کا ننانوے فیصد حصہ موجود تو ہے لیکن ہماری آنکھوں کےسامنےنہیں ۔ وہ کہتےہیں نہ آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل۔ انٹرنیٹ کا وہ حصہ جو عام استعمال کرنے والوں کی نظروں سے چھپا ہے، اس کو ڈیپ ویب اور ڈارک ویب کہا جاتا ہے۔ ڈیپ ویب اور ڈارک ویب تک وہی پہنچ سکتے ہیں جو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے ماہر ہوتےہیں۔ میرے اور آپ کے جیسا عام بندہ صرف گوگل، فیس بک اور یوٹیوب جیسی سائٹس تک ہی محدود رہتا ہے۔
ڈیپ ویب اور ڈارک ویب سائٹس دراصل غیرقانونی اور غیر اخلاقی کاموں کا گورکھ دھندا ہے۔ وہاں جاکر کچھ کرنا، کچھ خریدنا یا بیچنا ایک سنگین جرم مانا جاتا ہے۔ غیرقانونی کاموں میں منشیات فروشی، اسلحہ اسمگلنگ، جعلی شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور اے ٹی ایم وغیرہ خریدے اور بیچے جاتے ہیں۔ لوگوں کی زندگیوں کا سودا کیا جاتا ہے، جو لوگ اس کام کیلئے پیسے دیتےہیں وہ یہ سارا منطر لائیو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح کسی خاتون یا بچے سے زیادتی اور قتل کی ویڈیوز بھی لائیو دکھائی جاتی ہیں۔
انٹرنیٹ کو سرفنگ کےحوالے سے تین حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
- سرفیس ویب (Surface Web)
- ڈیپ ویب (Deep Web)
- ڈارک ویب (Dark Web)
سرفیس ویب وہ سائٹس ہیں جو سطح پر موجود ہیں اور آسانی سے ہماری دسترس میں ہیں۔ جیسے گوگل، یوٹیوب، ٹویٹر، فیس بک، انسٹاگرام وغیرہ اور اسی طرح ہزاروں سرفیس ویب سائٹس ہیں جو مختلف خدمات انجام دے رہی ہیں۔
ڈیپ ویب میں موجود سائٹس سرچ انجن کی انڈکس میں شامل نہیں ہوتیں۔ ڈیپ ویب اپنے نام ڈیپ کی طرح گہری ہوتی ہیں گویا سطح پر موجود نہیں ہوتیں مگر یہ بھی مختلف خدمات کی مد میں انٹرنیٹ پرموجود ہیں اور بہت اچھا کاروبار کررہی ہیں۔
ڈارک ویب: انٹرنیٹ پرموجود اعدادو شمار کےمطابق اب تک کا سب سے بڑا انٹرنیٹ کا حصہ ڈارک ویب میں ہی موجود ہےؕ اگر اس میں موجود ڈیٹا کا تخمینہ لگایا جائےتو تقریباً سات اعشاریہ نو زیٹا بائٹ(7.9Zeta Byte)ڈیٹا ڈارک ویب میں موجود ہے۔ یہاں موجود سائٹس جس طرح کی غیرقانونی خدمات انجام دے رہی ہیں، انہیں کھلےلفظوں میں لکھنا میرے بس کی بات نہیں۔
اگر ہم اب تک کے اپنے انٹرنیٹ کےاستمال کو دیکھیں تو ہم نے انٹرنیٹ کے ایک فیصد حصے کا بھی ایک فیصد حصہ استمعال نہیں کیا ہوگا۔ انٹرنیٹ کی دنیا اتنا گہرا سمندر ہے جس کی گہرائی میں جتنا جائیں گے اتنے ہی دل دہلا دینے والے نت نئےانکشاف ہوں گے۔ ڈیپ ویب سائٹس اور ڈارک ویب سائٹس کو ڈھونڈنے کی ہرگز کوشش نہ کیجئے گا کیوں کہ یہ ہمارے پاس موجود سرچ انجن سے ممکن نہیں۔ اگر آپ نے کسی طرح جیسے تیسے یہ کارنامہ سرانجام دے دیا تو اگلے ہی لمحے آپ کا کمپیوٹر ہیک ہوجائے گا اور آپ کی تمام ترمعلومات ہیکر کے پاس پہنچ جائیں گی۔ اب یہ ہیکرپرمنحصر ہے کہ وہ ان معلومات کو کتنے برے طریقے سے استعمال کرتا ہے۔
The post ڈیپ ویب کیا ہے؟ appeared first on دنیا اردو بلاگ.
from دنیا اردو بلاگ http://ift.tt/2DIRmOU
No comments:
Post a Comment