میں نے آنکھ مسلم قوم پرست تعلیمی ادارہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، دلی میں کھولی تھی۔ 1947ء کے ستمگر فسادات کے دوراں نئی دہلی سے دس میل دور جمنا کی آگرہ جانے والی نہر کے کنارے، جامعہ جو تین سمت ہندووں کے گائوں سے گھری ہوئی تھی، چار ماہ سے بد ترین محاصرہ میں تھی۔ عالم یہ تھا کہ برابر کے گاوں جولینا میں جہاں آٹا پیسنے کی واحد چکی تھی وہاں تک کسی کو جانے کی ہمت نہیں تھی۔ آٹے کی قلت کی وجہ سے سب کو مطبغ کی تندوری روٹی کے چار حصے کاٹ کر ایک چوتھائی روٹی ملتی تھی۔ گوشت کا تو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا گودام میں برسوں رکھی پرانی کیڑے لگی دال پر گزارہ تھاجسے کھاتے وقت پلیٹ میں کیڑے تیرتے نظر آتے تھے۔ پرانی دلی میں خونریز فسادات کی آگ بھڑکی ہوئی تھی اور شہر جانے کے تمام راستے بند تھے ہر رات جمنا پار سے ”دھاڑ”(حملے) کا خطرہ رہتا تھا۔ جامعہ کالج کے پرنسپل جے بی کیلاٹ صاحب اور جامعہ کے ثانوی مدرسے کے نگران،علامہ مشرقی کے داماد، اختر حمید خان صاحب جامعہ کے دفاع کے سپہ سالار تھے، جن کی سربراہی میں جامعہ کے اساتذہ اور طالب علم سارے دن اور ساری رات پہرہ دیتے تھے۔ صورت حال اس وقت اور ناگفتہ بہ ہوگئی تھی جب جمنا پار کے دیہاتوں سے مسلمانوں نے حملوں سے اپنی جان بچا کر جامعہ میں پناہ لی تھی۔
10 جنوری کو ایک کار بڑی تیزی سے جامعہ میں داخل ہوئی۔ سب لوگ گھبرا گئے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ کار سے گاندھی جی اتررہے ہیں، جو نوا کھالی اور بہار کے خونریز فسادات کے بعد جہاں حسین شہید سہروردی ان کے ساتھ امن کی کوششوں میں مصروف تھے، دلی لوٹتے ہی سیدھے جامعہ آئے تھے۔ گاندھی جی تین گھنٹے تک جامعہ میں رہے اور سارے وقت،مسلم پناہ گزینوں کے بیچ بیٹھے رہے اور انہیں تسلی دیتے رہے۔ بار بار ایک لمبی آہ بھر کر اور آسمان کی طرف دیکھ کر کہتے، بہت برا ہوا، بہت برا ہوا۔ ان کے چہرے سے کرب اور شدید ناکامی کا احساس عیاں تھا۔ کہہ رہے تھے کہ میں پاکستان جا کر ان سب بھائیوں کو اپنے ساتھ واپس لائوں گا جو یہاں سے چلے گئے ہیں۔ جامعہ سے جاتے ہوئے کہنے لگے کہ میں فسادات کو رکوانے اور پاکستان کی رکی ہوئی پچیس کروڑ کی رقم کی ادائیگی کے لئے مرن برت رکھوں گا۔
چنانچہ دوسرے روز جب برلا مندر میں گاندھی جی کے مرن برت کی خبر آئی تو جامعہ کے اساتذہ اور طلباء شدید خوف کے باوجود محاصرے سے باہرنکلے اور آس پاس کے دیہاتوں کی گلیوں میں ڈرتے ڈرتے جلوس نکالا۔ نعرہ لگا رہے تھے،”ہندو مسلم ایک ہو جائو۔ گاندھی جی کی جان بچائو” گائوں والے یہ دیکھ کر دم بخود رہ گئے اور پھر یہی نعرے لگاتے ہوئے جلوس میں شامل ہوگئے، یہ ایسی جیت تھی جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔ گاندھی جی کا برت پانچ روز تک جاری رہا اور اس دوران فرقہ وارانہ فسادات کی آگ یکسر ٹھنڈی ہوگئی اور ہندوستان کی حکومت نے پاکستان کی رکی ہوئی رقم بھی ادا کردی۔
اس زمانے میں جامعہ میں بجلی نہیں آئی تھی۔ لالٹینیں اور گیس کے ہنڈے جلتے تھے۔ خاص خاص موقعوں پر جب اجتماعی طور پر ریڈیو سننا ہوتا تھا تو کار کی بیٹری لگا کر سنا جاتا تھا۔ میں نے البتہ جامع مسجد کے عقب میں کباڑی بازار سے پرانے ہیڈ فون کی ایک جوڑی، تانبے کے تار کا کویل اور کرسٹل کی ڈلی خرید کر ایک چھوٹا سا ریڈیو بنا رکھا تھا جس پر اونچا ایریل لگا کر اور زمین میں گہرا ارتھ گاڑ کرصرف مقامی ریڈیو اسٹیشن سنا جا سکتا تھا۔
30 جنوری کی شام کو چھ بجے کے قریب میں ریڈیو سن رہا تھا کہ اچانک ایک دھماکہ کی طرح اعلان ہوا کہ گاندھی جی کی ہتیا ہو گئی ہے۔ میں نے بھاگ کر جب اپنے اساتذہ کو یہ خبر بتائی تو کسی کو یقین نہیں آیا اور انہوں نے خود آکرتصدیق کے لئے میرے ریڈیو پر خبر سنی۔ کوئی بیس منٹ بعد پنڈت نہرو نے ریڈیو پر خطاب کیا، سخت رندھی ہوئی آواز میں لیکن بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ باپو کو ایک ہندو نے قتل کیا ہے۔ گاندھی جی ہماری زندگی سے چلے گئے، اوراب چاروں طرف اندھیرا ہے۔ باپو کے ساتھ ہماری روشنی چلی گئی۔
میرے اساتذہ نے کہا کہ پنڈت نہرو نے نہایت دانشمندی سے کام لیا ہے اور یہ واضح کر دیا کہ گاندھی جی کو ایک ہندو نتھو رام گوڈسے نے قتل کیا ہے ورنہ فرقہ وارانہ فسادات کی وجہ سے جو شدید کشیدگی ہے، اس میں پورے ملک میں آگ لگ جاتی اور مسلمانوں کا قتلِ عام شروع ہوجاتا۔
گاندھی جی کے قتل کے ستر سال بعد اب بھی مجھے جامعہ میں ان کی آمد پر ان کا وہ چہرہ یاد آتا ہے جس پرچھایا ہوا کرب اپنی ناکامی کا اعلان کر رہا تھا۔ خود گاندھی جی کا قتل ان کے عدم تشدد کے نظریہ کی ناکامی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ گاندھی جی ہندوستان کی سیاست پر تین دہائیوں تک چھائے رہے اور ہندو اکثریت نے انہیں مہاتما کا درجہ دیا لیکن اس کے باوجود وہ ہندوستان کے عوام کے ذہنوں کو بدلنے اور ان میں عدم تشدد کے نظریہ کو حقیقی طور پر تسلیم کرنے کی کوشش میں یکسر ناکام رہے۔ سب سے بڑا خون آشام ثبوت تقسیم ہند کے وقت فرقہ وارانہ فسادات ہیں جن میں دس لاکھ سے زیادہ لوگوں کی جانیں ایسے ہولناک انداز سے گئیں کہ جیسے آزادی کے لئے ان کی بھینٹ چڑھائی گئی ہے۔
اس ہولناک تشدد کے باوجود یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ہندوستان کی آزادی گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ کی مرہون منت ہے۔ بلا شبہ گاندھی جی کا عدم تشدد کا نظریہ ہندوستان میں انگریز راج کے لئے نعمت تھا۔1920 میں ترکی کی خلافت کی حفظ و بقاء کے لئے جب مولانا محمد علی جوہرکی قیادت میں ہندوستان میں مسلمانوں کی تحریک اٹھی جو برطانوی راج کے خلاف جہاد کے جذبہ سے معمور تھی۔ اس تحریک کی خاطر مسلمانوں نے سرکاری نوکریاں اور انگریزی تعلیمی ادارے چھوڑ دیے اور بیس ہزار سے سے زیادہ مسلمان ہجرت کرکے افغانستان چلے گئے تو اس موقع پر انگریزوں کو مسلمانوں کی مسلح جدو جہد کا شدید خطرہ تھا۔ انگریزوں نے یہ جانتے ہوئے کہ خلافت کا مسئلہ خالصتاً مسلمانوں سے تعلق رکھتا ہے، گاندھی جی کو شہہ دی کہ وہ اس تحریک کی قیادت اپنے ہاتھ میں لیں تاکہ تحریک تشدد کا رخ اختیار نہ کر پائے۔ یہ بات انتہائی حیرت کی تھی کہ گاندھی جی کی قیادت میں تحریک خلافت کا وفد وائسرائے سے ملنے گیا تو وائسرائے نے یہ اعتراض نہیں کیا کہ گاندھی جی آپ کا مسلمانوں کی خلافت سے کیا تعلق؟ بلکہ گاندھی جی کی قیادت میں خلافت کے وفد کی پذیرائی کی۔
انقلابی اور ہندوستان کی آزادی کے لئے مسلح جدو جہد پر یقین رکھنے والے رہنما سبھاش چندر بوس،1938ء اور1939ء میں لگا تار دو بار کانگریس کے صدر منتخب ہوئے۔ انگریزوں کو ان سے شدید خطرہ تھا چنانچہ انگریزوں نے بڑی ترکیب سے گاندھی جی اور پنڈت نہرو کے ذریعہ پہلے سبھاش چندر بوس کو کانگریس کی قیادت سے ہٹایا اور پھر کانگریس ہی سے انہیں خارج کردیا۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انگریزوں نے گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا لیکن خود گاندھی جی اپنے اس نظریہ میں کامیاب ثابت نہیں ہوسکے۔
30 جنوری 1948ء کو برلا مندر کے سبزے پر ہندو قوم پرست اور مسلم دشمن آر ایس ایس کے کٹر حامی نتھو
رام گوڈسے کے ہاتھوں قتل ہونے کے نصف صدی کے بعد خود گاندھی جی کے صوبہ گجرات میں آر ایس ایس کے کٹر حامی نریندر مودی کے راج میں تین ہزار مسلمانوں کا جس بہیمانہ انداز سے قتل عام ہوا، وہ گاندھی جی کے عدم تشدد کے نظریہ کی ناکامی کا نا قابل تردید ثبوت ہے۔
گاندھی جی کے قتل کے بعد پنڈت نہرو نے صحیح کہا تھا کہ ملک کے عوام کی زندگی سے روشنی چلی گئی ہے۔ عدم تشدد کا نظریہ جسے گاندھی جی نے ہندوستان کے لئے روشنی بنانا چاہا تھا واقعی ہمیشہ کے لئے ناکامی کے اندھیرے میں گم ہوگیا ہے۔
The post گاندھی جی کی ناکامی کے آخری دن appeared first on دنیا اردو بلاگ.
from دنیا اردو بلاگ http://ift.tt/2nsIYMU
No comments:
Post a Comment