پچھلے دنوں لندن میں ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی ایک تقریب میں جانا ہوا۔ میں آنکھیں بند کئے ایک راگ میں غرق تھا کہ میرے ساتھ بیٹھے ہوئے میرے ہندوستانی صحافی دوست بیدی نے میرے شانے کو ہلکا سا جھنجھوڑا اور سوال کیا کہ جانتے ہو یہ کون سا راگ ہے؟ میں نے اپنی لا علمی کا اظہار کیا۔ میرے کان میں کہنے لگے یہ راگ بلاول ہے۔ راگ بلاول الہایہ۔
اسی دوران راگ ختم ہوا اور وقفہ ہوا۔ ہم دونوں چائے کی میز پر بیٹھے تھے کہ بیدی نے راگ بلاول کی شان میں اپنا راگ چھیڑ دیا۔ کہنے لگے راگ بلاول، شمالی ہند کی موسیقی میں 19 ویں صدی میں بنیادی راگ کے طور پر بہت مقبول ہوا تھا۔ یہ راگ مغربی موسیقی کے C Magor سے ہم آہنگ ہے۔ اور صبح کا راگ ہے۔
بیدی کہہ رہے تھے کہ ہندوستان کا قومی ترانہ ” جنا گنا منا” کی دھن بلاول راگ میں ہے اور سکھوں کی مقدس کتاب گرنتھ صاحب میں 170 بھجن راگ بلاول میں ہیں۔ بلاول ٹھاٹ میں گیارہ راگ ہیں جن میں سب سے زیادہ مقبول یہی بلاول الہایہ ہے جو ہم نے ابھی سنا تھا۔
میں اپنی کم علمی کی حیرت میں ڈوبا ہوا بیدی کی باتیں ہمہ تن گوش سن رہا تھا۔ بیدی کو بھی اپنی موسیقی کی جانکاری سے مجھے مرعوب کرنے کا اچھا موقع ملا تھا۔ کہنے لگے کہ آگرہ گھرانے کے مشہور گا ئیک استاد فیاض خان نے بلاول کے کھماج میں ” پیا توری ترچھی نجرلاگے پیاری ” گایا ہے اور یہ بو ل بھی بلاول راگ میں گایا ہے ” بڑا نٹ کھٹ ہے کیا کرے یوشودا میاَ”۔
پھر کہنے لگے کہ ہندوستانی فلموں کے مشہور گانے بھی راگ بلاول میں ہیں۔ فلم دیوداس کا گانا ” وہ نہ آئیں گے پلٹ کر” فلم نورنگ کا گانا”آ دل سے دل ملا لے” اور فلم کوہ نور کا مشہور گانا، ” ڈھل چکی شامِ غم ” بھی بلاول راگ میں ہے۔
معلومات سے لدھی، بیدی کی باتیں میں بڑے انہماک سے سن رہا تھا کہ بیدی نے یہ سوال کر کے مجھے جھنجھوڑ دیا ” آپ کے ہاں بھی ایک بلاول ہے۔ وہ کون سا راگ ہے؟
The post آپ کے ہاں کون سا بلاول راگ ہے؟ appeared first on دنیا اردو بلاگ.
from دنیا اردو بلاگ http://ift.tt/2CIA4QS
No comments:
Post a Comment