Monday, February 26, 2018

نا اہل نواز شریف

بوڑھا آدمی، جس کا تعلق پنجاب کے ایسے گاؤں سے تھا جہاں نا تو بجلی ہوا کرتی تھی، نا ہی گیس، وہ بوڑھا آدمی کراچی کے ایک گورنمنٹ ادارے میں ملازمت کیا کرتا تھا، ملازمت کے دوران گورنمنٹ ادارے کی جانب سے اس کو کراچی کی ایک سوسائٹی میں زمین الاٹ کی گئی، مگر کچھ ہی عرصہ میں اس بوڑھے آدمی کی ملازمت ختم ہونے کے بعد اس زمین پر لینڈ مافیا کی جانب سے قبضہ کرلیا گیا، اب وہ بوڑھا آدمی کراچی کی عدالتوں میں اس زمین کو حاصل کرنے کے لیے کیس لڑ رہا ہے۔

بوڑھا باپ عدالتی نظام کو کچھ حد تک جانتا تھا اس لیے عدالتی چکروں کے دوران عقلمندی سے کام لیتے ہوئے اپنے بیٹے کو ہر تاریخ میں اپنے ساتھ کراچی لے کر جایا کرتا تھا کیونکہ اس کو اندازہ تھا کہ میں عدالت کے چکروں کے دوران ہی اس دنیا سے چلا جاؤں گا اور اپنی زندگی میں انصاف ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکوں گا، کم سے کم میرا بیٹا بھی ان چکروں کے بارے میں کچھ معلومات رکھتا ہو، تاکہ اس زمین کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے۔ایسا ہی ہوا، وہ بوڑھا آدمی انتقال کر گیا اور آج دس سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اسکا بیٹا اور بیوہ اس زمین کو حاصل کرنے کے لیے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ ہر تاریخ میں اپنے گاؤں سے کراچی کے آنے جانے اور وکیلوں کی فیس دے دے کر اپنی تمام جمع کنجی ختم کرچکے ہیں، کوئی رستہ نا ہونے کی وجہ سے آج تک اس زمین کا کیس جیتنے کے منتظر ہیں اور حوصلہ بلند کرکے ہر تاریخ میں عدالت آکر حاضری دیا کرتے ہیں۔

بدقسمتی سے پاکستان کی عدالتوں میں ایسے بہت سے بوڑھے ماں باپ اپنی زمینوں کے کیس لڑتے لڑتے اس دنیا سے جا چکے ہیں اور آج تک ان کے بچے حوصلہ بلند کر کے ہر تاریخوں پر اپنی حاضری دیتے ہیں۔

یہ پاکستان کے اس ہی عدالتی نظام کی بات ہورہی ہے جس نے کچھ ہی عرصہ میں منتخب وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن کے کیس کا فیصلہ سنا کر وزارت عظمیٰ سے فارغ کردیا اور اس کے کچھ ہی عرصہ کے بعد اب پارٹی صدر کے عہدہ سے بھی نواز شریف کو ناہل قرار دے کر فارغ کر دیا گیا۔ تاہم اب سابق وزیراعظم نواز شریف الیکشن میں بھی حصہ لینے کی اہلیت نہیں رکھتے۔

یہ ان ہی عدالتوں کے نظام کی بات ہو رہی ہے جہاں سے بوڑھا باپ انصاف مانگتا مانگتا مر گیا اور انصاف نہیں مل سکا، مگر وزیراعظم نواز شریف کے مخالفین کو خوش قسمتی سے کچھ ہی عرصہ میں انصاف مہیا کردیا گیا۔

پاکستان کی غریب عوام، جو اپنی روزی روٹی کمانے کے علاوہ کچھ نہیں جانتی اور نا ہی قانونی پیچیدگیوں کا علم رکھتی ہے، نا ہی پانامہ اور نا ہی اقامہ کے بارا میں علم رکھتی ہے، علم رکھتی ہے تو بس یہ کہ اس ہی نواز شریف کو نااہل قرار دیا جارہا ہے جس کے وزیر اعظم منتخب ہونے سے پہلے اس پاکستان میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوا کرتی تھی، مگر آج اس لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر کے ہر گاؤں تک بجلی کی فراہمی کردی گئی ہے اور سٹرکوں کے جال بچھا کر سفر آسان کر دیا گیا ہے۔

اس ہی نواز شریف کو نااہل قرار دیا جارہا ہے جس کے وزیر اعظم منتخب ہونے سے پہلے اس پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کی حالت دیکھ کر گدھا گاڑی یا پیدل سفر کرنا زیادہ مناسب لگا کرتا تھا، مگر آج میٹرو بس کا منصوبہ بنا کر غریب عوام کا سفر بہت کم خرچے میں آسان بنا دیا گیا ہے، سٹرکوں کے جال بچھا کر سفر آسان کر دیا گیا ہے۔

یہ اس ہی نواز شریف کو نااہل قرار دیا جارہا ہے جس کے وزیر اعظم منتخب ہونے سے پہلے اس پاکستان میں آئے دن دہشتگردی کے درجنوں واقعات ہوا کرتے تھے اور غریبوں کا دن دیہاڑے خون کیا جاتا تھا مگر آج دہشتگردی کے واقعات میں کافی حد تک کمی لا کر امن قائم کر دیا گیا ہے۔ خاص طور پر کراچی شہر میں دہشتگردی اور درجنوں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور ہڑتالوں میں کمی لا کر امن کا شہر بنا دیا گیا ہے۔ پاکستانیوں کے بہترین شوق کرکٹ کو واپسی اپنے وطن میں لایا گیا اور ثابت کیا گیا ہم دہشتگرد ملک نہیں بلکہ ایک پر امن ملک ہیں۔

مگر وہ غریب جو ناہل نواز شریف کا چاہنے والا تھا اور الیکشن میں ووٹ دے کر اسے کامیاب کیا کرتا تھا، اب وہ بہت ڈرتا ہے اور سوچتا ہے کہ اگر میں نے اگلی بار نا اہل نواز شریف کو ووٹ دے کر ایک بار پھر جتوانے کی کوشش کی تو کیا مجھ پر بھی مخالفین کی جانب سے نااہل عوام ہونے کا مقدمہ تو درج نہیں کردیا جائے گا؟

The post نا اہل نواز شریف appeared first on دنیا اردو بلاگ.



from دنیا اردو بلاگ http://ift.tt/2CKpg4E

No comments:

Post a Comment

May or later: Rocket Lab may launch a small probe to Venus

By Unknown Author from NYT Science https://ift.tt/OPbFfny