سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی فوج کیوں تعینات کی گئی ہے؟ یہ ایک ایسا معمہ ہے جس کی نہ تو حکومت پاکستان نے کوئی خاطر خواہ وضاحت کی ہے اور نہ سعودی حکومت نے۔
پچھلے ہفتہ حکومت پاکستان نے ایک انکشاف کیا کہ سعودی عرب میں پاکستانی فوج کے ایک ہزار چھ سو فوجی تعینات ہیں۔ وزیر دفاع خرم دستگیر کو سینیٹ میں طلب کیا گیا، انہوں نے وہاں اعلان کیا کہ مزید ایک ہزار پاکستانی فوجی سعودی عرب بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے بھی یہ معمہ حل نہیں کیا کہ آخر پاکستانی فوج سعودی عرب میں کیوں تعینات کی جارہی ہے۔ انہوں نے صرف یہ یقین دلایا تھا کہ پاکستانی فوج کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔
تین سال قبل پاکستان نے یمن میں سعودی اتحاد کی فوج کی مدد کے لئے اپنی فوج بھیجنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ سینیٹ نے یمن میں پاکستان کی فوج کی مداخلت کے خلاف ایک قرارداد منظور کی تھی۔
سعودی عرب میں پاکستانی فوج کی تعیناتی کے بارے میں کسی وضاحت کی عدم موجودگی کے پیش نظر مبصرین یہ قیاس آرائیاں کررہے ہیں کہ ممکن ہے کہ پاکستانی فوج سعودی شاہی خاندان کی حفاظت کے لئے تعینات کی گئی ہے۔ ان مبصرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو بظاہر کسی ملک کے حملہ کا خطرہ نہیں ہے۔ البتہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چند ماہ قبل کرپشن کے خلاف مہم کے نام پر بڑی تعداد میں شہزادوں اور صاحب ثروت شخصیات کو گرفتار کر کے انہیں ریاض کے پُرتعیش ہوٹل میں قید رکھا تھا۔ اس پر شہزادوں کی شدید ناراضگی کے پیش نظر شاہی خاندان اور خاص طور پر ولی عہد کے خلاف کارروائی کا خطرہ تھا جس کے حفظ ما تقدم کے طور پر پاکستانی فوج کو سعودی عرب طلب کیا گیا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں، جب پاکستانی فوج شاہی خاندان کے تحفظ کے لئے سعودی عرب طلب کی گئی ہے۔ اس سے پہلے 1970ء کے اوائل میں پاکستانی فوج شاہ فیصل کے تحفظ کے لئے بھیجی گئی تھی۔ پھر 1982ء میں شاہ فہد کی درخواست پر صدر ضیاء الحق نے پاکستانی فوج کی ایک بکتر بند بریگیڈ سعودی عرب بھیجی تھی۔
بعض مبصرین کی رائے ہے کہ عین ممکن ہے پاکستانی فوج یمن سے ملحق سعودی سرحد پر ہوثی باغیوں کے حملوں کو روکنے کے لئے تعینات کی جائے۔ پاکستانی فوج کو یمن کی جنگ میں جھونکنا اول پاکستان کی سینیٹ کی قرارداد کی صریح خلاف ورزی ہوگی اور دوم پاکستانی فوج یمن کی سرزمین اور عربی زبا ن سے نابلد ہے، اس لیے اس جنگ میں کار گر ثابت نہ ہوگی۔
اس دوران یہ خبریں بھی شائع ہوئی ہیں کہ اس وقت پاکستان میں سعودی عرب کے دس ہزار فوجی تربیت حاصل کر رہی ہے۔
بہرحال پاکستانی فوج کو سعودی عرب بھیجنے کی جب تک کوئی تسلی بخش وضاحت نہیں کی جاتی، قیاس آرائیوں کا سلسلہ برابر جاری رہے گا۔
The post سعودی عرب میں پاکستانی فوج کی تعیناتی، ایک معمہ appeared first on دنیا اردو بلاگ.
from دنیا اردو بلاگ http://ift.tt/2CHAV4k
No comments:
Post a Comment