بیگم شاہی مسجد کو مریم زمانی مسجد بھی کہا جاتا ہے۔ مسجد بیگم شاہی لاہور شہر کے تیرہ دروازوں میں سے ایک مستی دروازہ کے پاس موجود ہے۔ مغلیہ عہد میں تعمیر کی گئی یہ مسجد آج شدید خستہ حالی کا شکار ہے۔
کہا جاتا ہے کہ مستی دروازہ اس مسجد کے بعد ہی بنایا گیا یا مشہور ہوا۔ مسجدی دروازہ سے مسیتی دروازہ ہوا اور اب اس کا نام بگڑتے بگڑتے مَستی دروازہ ہوگیا ہے۔ جبکہ کہنیا لال کے نزدیک اس دروازے کا نام بادشاہ کے وفادار “مستی بلوچ” کے نام پر ہے۔
یہ مسجد مریم زمانی نے 1023 ہجری بمطابق 1614ء میں تعمیر کروائی تھی۔ آئین اکبری کے مطابق مریم زمانی، اکبر کی بیوی اور جہانگیر کی والدہ تھیں۔ بیگم شاہی مسجد کے متعلق یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اسے شہنشاہ اکبر نے شاہی خواتین کے لیے تعمیر کروایا تھا۔
بیگم شاہی مسجد کی شمالی دیوار کے ساتھ ساتھ اندر ایک راستہ نیچے سے قلعہ لاہور کے اندر تک جاتا تھا جو کہ اب بند کر دیا گیا ہے۔ رنجیت سنگھ کا دور اس مسجد کے لیے بھی اچھا نہیں تھا۔ بقول سید محمد لطیف” اس تاریخی مسجد کو رنجیت سنگھ نے بندوقوں اور بارود کی تیاری کے لیے استعمال کیا۔ اسی بناء پر اسے ”بارود خانہ والی مسجد” کہا جانے لگا۔
انگریز دور میں یہ مسجد مسلمانوں کو دوبارہ ملی اور مسلمانوں نے چندہ اکٹھا کرکے اس کی تعمیر و مرمت کروائی۔ بیگم شاہی مسجد 130 فٹ طویل اور 32 فٹ عریض ہے۔ اس کی محرابیں 5 حصوں میں منقسم ہیں اور گنبدوں کی تعداد بھی 5 ہے۔ مسجد کے صحن میں ایک حوض ہے جو 30 فٹ لمبا اور 26 فٹ چوڑا ہے۔ بیرونی صحن کا فرش برطانوی عہد کی اینٹوں سے بنا ہوا ہے۔ مسجد کا کوئی مینار نہیں ہے۔ مسجد میں مزار بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ کئی قبریں بھی ہیں۔
مسجد کے عقب میں مجھے ایک عمارت نظر آئی جس پر”1875″ لکھا ہوا تھا۔ کافی کوشش کی اس عمارت کو دیکھنے کی۔ اس کا راستہ مسجد کے امام صاحب کی رہائش کے ساتھ ہے۔ کافی کوشش کے باوجود بھی اجازت نہ ملی۔
مسجد کا اندرونی منظر آج بھی حسن و وقار کا منظر ہے۔ مسجد میں نقاشی کا کام اب تک برقرار ہے لیکن یہ مسجد شُو مارکیٹ اور رِم مارکیٹ کے درمیان ناجائز تجاوزات میں گُم ہو کر رہ گئی ہے۔
محکمہ آثار قدیمہ یا متعلقہ محکمے کو اس قدیم ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے چاہئیے۔ حکومت وقت سے گزارش ہے کہ اس سے پہلے کہ اس عظیم الشان مسجد کا نام فقط تاریخ میں رہ جائے حکومت اس پر توجہ دے اور مسجد کے گرد و پیش میں موجود ناجائز تجاوزات کو ختم کروا کر مسجد کی مرمت و دیکھ بھال کا کام فوری شروع کروائے۔
The post بیگم شاہی مسجد appeared first on دنیا اردو بلاگ.
from دنیا اردو بلاگ https://ift.tt/2KtAL8F





No comments:
Post a Comment